Monday, 15 November 2021

کیا آپ نے وہ دعا سیکھ لی ہے جو چالیس سال کی عمر کو پہنچنے کے بعد پڑھی جاتی ہے

کیا آپ نے وہ دعا سیکھ لی ہے جو چالیس سال کی عمر کو پہنچنے کے بعد پڑھی جاتی ہے؟؟!
ایک والد کا کہنا ہے کہ میں نے اپنی بیٹی سے ایک بڑا سبق سیکھا۔ ہوا یوں کہ وہ ایک مرتبہ سورہ احقاف حفظ کر رہی تھی۔ اچانک مجھ سے سوال کر بیٹھی:
ابو جان! آپ کی عمر کتنی ہے؟
میں نے اسے مسکراتے ہوئے جواب دیا: 44 سال۔

کہنے لگی گویا آپ چار سال پہلے ہی 40 سال کے ہو چکے ہیں۔ پھر کیا آپ وہ دعا پڑھتے ہیں جو چالیس سال کی عمر کو پہنچنے کے بعد پڑھی جاتی ہے؟
میں نے بڑی حیرت سے پوچھا: کیا ایسی بھی کوئی خاص دعا ہے جو چالیس سال کی عمر کو پہنچنے کے بعد کی جاتی ہے؟
بیٹی نے مسکراتے ہوئے جواب دیا:
ابو جان! ہماری ٹیچر نے سورہ احقاف کی ان آیات کی تفسیر کرتے ہوئے ہمیں یہ دعا سکھائی ہے:

*وَوَصَّيْنَا الْإِنسَانَ بِوَالِدَيْهِ إِحْسَانًا ۖ حَمَلَتْهُ أُمُّهُ كُرْهًا وَوَضَعَتْهُ كُرْهًا ۖ وَحَمْلُهُ وَفِصَالُهُ ثَلَاثُونَ شَهْرًا ۚ حَتَّىٰ إِذَا بَلَغَ أَشُدَّهُ وَبَلَغَ أَرْبَعِينَ سَنَةً قَالَ رَبِّ أَوْزِعْنِي أَنْ أَشْكُرَ نِعْمَتَكَ الَّتِي أَنْعَمْتَ عَلَيَّ وَعَلَىٰ وَالِدَيَّ وَأَنْ أَعْمَلَ صَالِحًا تَرْضَاهُ وَأَصْلِحْ لِي فِي ذُرِّيَّتِي ۖ إِنِّي تُبْتُ إِلَيْكَ وَإِنِّي مِنَ الْمُسْلِمِينَ (15) أُولَٰئِكَ الَّذِينَ نَتَقَبَّلُ عَنْهُمْ أَحْسَنَ مَا عَمِلُوا وَنَتَجَاوَزُ عَن سَيِّئَاتِهِمْ فِي أَصْحَابِ الْجَنَّةِ ۖ وَعْدَ الصِّدْقِ الَّذِي كَانُوا يُوعَدُونَ (16)..*
ترجمہ: اور ہم نے انسان کو اپنے ماں باپ کے ساتھ حسن سلوک کرنے کا حکم دیا ہے اس کی ماں نے اسے تکلیف جھیل کر پیٹ میں رکھا اور تکلیف برداشت کرکے اسے جنا ۔ اس کے حمل کا اور اس کے دودھ چھڑانے کا زمانہ تیس مہینے کا ہے یہاں تک کہ جب وہ اپنی پختگی اور چالیس سال کی عمر کو پہنچا تو کہنے لگا اے میرے پروردگار مجھے توفیق دے کہ میں تیری اس نعمت کا شکر بجا لاؤں جو تو نے مجھ پر اور میرے ماں باپ پر انعام کی ہے اور یہ کہ میں ایسے نیک عمل کروں جن سے تو خوش ہو جائے اور تو میری اولاد کو بھی صالح بنا ۔ میں تیری طرف رجوع کرتا ہوں اور میں مسلمانوں میں سے ہوں ۔
یہی وہ لوگ ہیں جن کے نیک اعمال تو ہم قبول فرما لیتے ہیں اور جن کے بد اعمال سے درگزر کر لیتے ہیں ( یہ ) جنتی لوگوں میں ہیں ۔ اس سچے وعدے کے مطابق جو ان سے کیا جاتا ہے ۔

ہماری ٹیچر نے ہمیں یہ بھی بتایا کہ ان کے والد صاحب صاحب 30 سال سے پابندی کے ساتھ یہ دعا پڑھ رہے ہیں اور اب 80 سال پہنچنے کے قریب ہیں اس کے باوجود وہ اچھی صحت و تندرستی کے ساتھ جی رہے ہیں۔
اس بہترین نصیحت کے لئے میں نے اپنی بیٹی کا شکریہ ادا کیا اور اس کے سر کو بوسہ دیتے ہوئے ہوئے اللہ کی تعریف کی کہ اس نے مجھے ایسی بیٹی سے نوازا ہے جس کے ذریعے مجھے یہ سبق سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔

بیٹی نے کہا: ابو جان! آپ بھی یہ دعا برابر ہر پڑھے رہا کریں:

*رَبِّ أَوْزِعْنِي أَنْ أَشْكُرَ نِعْمَتَكَ الَّتِي أَنْعَمْتَ عَلَيَّ وَعَلَىٰ وَالِدَيَّ وَأَنْ أَعْمَلَ صَالِحًا تَرْضَاهُ وَأَصْلِحْ لِي فِي ذُرِّيَّتِي ۖ إِنِّي تُبْتُ إِلَيْكَ وَإِنِّي مِنَ الْمُسْلِمِينَ .*
(اے میرے پروردگار! مجھے توفیق دے کہ میں تیری اس نعمت کا شکر بجا لاؤں جو تو نے مجھ پر اور میرے ماں باپ پر انعام کی ہے اور یہ کہ میں ایسے نیک عمل کروں جن سے تو خوش ہو جائے اور تو میری اولاد کو بھی صالح بنا ۔ میں تیری طرف رجوع کرتا ہوں اور میں مسلمانوں میں سے ہوں۔)

عربی سے منقول
آپ کے ایک شئیر سے کتنے والد پڑھیں گے
اور ہر ایک کی نسل سنور جائے تو آپ کا آخرت کا ڈیپارٹمنٹ کلئیر ہونے میں آسانی ہو گی

Sunday, 31 October 2021

سیدنا عمرفاروق رضی اللہ عنہ کاابو موسٰی اشعری کو خط

💞 سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا ابو موسیٰ اشعری رض کو ایک جامع خط 💞

عمر رضی اللہ عنہ کا عبد اللہ بن قیس ( ابو موسیٰ اشعری) کی طرف : آپ پر سلامتی ہو .

اما بعد ! بے شک فیصلہ کرنا پکا فریضہ اور واجب الاتباع سنت ہے تو سمجھ لو کہ جب تمہارے پاس کوئی دعویٰ آئے تو ایسی حق گوئی جس کی تعمیل نہ ہو، فایدہ نہیں دیتی۔
اپنے ملنے میں ، عدل میں اور مجلس میں لوگوں سے مساویانہ سلوک کرو حتی کہ کوئی عزت دار تمہارے ظلم و ستم کی طمع نہ کرے اور کوئی کمزور تمہارے عدل سے ناامید نہ ہو۔
دلیل لانا مدعی کے زمہ ہے اور جو انکار کرے اس کے زمہ قسم ہے۔
مسلمانوں کے درمیان صلح کرنا جائز ہے مگر وہ صلح (جائز نہیں ) جو حرام کو حلال کردے اور حلال کو حرام کردے۔
کل کیا ہوا کوئی فیصلہ تجھے نہ روکے کہ تو اپنی عقل سے اس میں غور وفکر کرے اور صحیح بات تک پہنچ جائے اور پھر تو حق کی طرف لوٹ آئے۔ بیشک حق قدیم ہے اور حق کی طرف رجوع کرنا باطل میں حد سے تجاوز کرنے سے بہتر ہے ۔

_______________________
حوالہ : الاحکام السلطانیة، جلد ١ صفحه ١٢٢ .

اپنی اولاد کو متقیوں کا امام بنانے کی کوشش کریں

🍀 *اپنی اولاد کو متقیوں کا* *امام بنانے کی کوشش کریں* 🍀
وہ چھٹے بیج کی طالبہ تھی۔
اب جب بھی فون کرتی ہے اسی دعا کی درخواست کرتی ہے کہ اللہ اسےاولاد کی نعمت سے نواز دے۔
واقعی اولاد کی قدر کسی بے اولاد جوڑے سے پوچھئے۔۔
اولاد کی تمنا ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے لیکن ایک مسلمان اولاد کی خواہش کیوں رکھتا ہے قرآن خوبصورت الفاظ میں بیان کرتا ہے۔
حضرت زکریا کے دل کی دعا ۔۔وہ چپکے چپکے پکارتے تھے اور
اپنا وارث طلب کرتے تھے۔
کیا پیغمبروں کی اساس دھن دولت ہوتی ہے؟
وہ کونسی میراث ہے جس کا وارث بنانے کے لیے وہ پریشان تھے؟
کیا ان کی ملیں دھواں اگلنا بند کر دیں گی؟
ان کی فیکٹریوں میں سناٹا ہو جائے گا؟
ان کے ویران سرے محلوں میں فاختائیں انڈے دیں گی؟
کیا پیغمبر معاذاللہ مال و جائیداد کی فکر میں گھلتے تھے ؟؟
بات واضح ہے۔حضرت زکریا اپنے دینی ورثے کے لیے بے چین تھے۔ انہیں یقیناً خاندان میں کوئی ایسا نظر نہیں آرہا ہوگا جو ان کے بعد اس داعیانہ کردار کو نبھا سکے۔۔
یہاں ٹھہریئے اور ۔۔
خود سے سچ بولیں۔
اپنے دل سے پوچھیں کہ یہ پاک آرزو ہمارے دل اور دماغ کے کسی گوشے میں محفوظ ہے؟؟
کیا واقعی کوئی بے اولاد۔۔ اولاد کی دعا اس لیے کرتا ہے کہ جو نیکیاں میں دنیا میں پھیلا رہا ہوں میرے بعد ان نیکیوں کا سلسلہ میری نسل میں ختم نہ ہو جائے!!
کیا واقعی ہماری زندگی میں اتنا اہم مشن ہے کہ ہم فکر مند ہوں کہ جب ہم زیر زمین ہوں تب بھی یہ مشن جاری وساری رہے۔۔
ہم تو اپنے سماج میں لوگوں کو اس دکھ میں مبتلا دیکھتے ہیں کہ بیٹا ہوتا تو باپ کے بعد کاروبار سنبھال لیتا۔۔
بہنوں کی شادی کی ذمہ داری میں باپ کا ہاتھ بٹا دیتا۔
جس آدمی کے چار یا چھ بیٹے ہوں ہم یہ نہیں سوچتے کہ اس گھرانے سے دین کو کتنا فروغ مل رہا ہوگا۔
ہم سوچتے ہیں کہ بیٹے معاشی آسودگی کی علامت ہیں نہ کہ دین کے فروغ کی۔۔۔
افسوس تو اس بات کا ہے کہ اکثر لوگ جو دعوت و تبلیغ میں اپنی عمر گزارتے ہیں انکی اولاد اس راہ پر ان کی ہم سفر نہیں ہوتی۔
یہ بھی طرفہ تماشا ٹھہرا کہ ہم اپنے مادی ترکے کا وارث تو اپنی اولاد ہی کو بنانا چاہتے ہیں لیکن اپنے مشن کے ترکے کے لئے غیروں کی اولادوں کو تلاش کرتے ہیں ۔۔
کسی کے بیٹے کا کاروبار خسارے سے دوچار ہو تو والدین ہر ایک سے دعا کی درخواست کرتے ہیں لیکن وہی بیٹا اگر فرض عبادات سے غافل ہو تو والدین کی وہ تڑپ نظر نہیں آتی۔۔

ہم میں سےکتنے والدین تنہائیوں میں گڑگڑا کر اپنے رب سے اپنی اولاد کے لئے متقیوں کا امام بننے کی دعا مانگتے ہیں۔۔
اکثر دیکھا گیا ہے کہ بوڑھے والد باقاعدگی سے باجماعت نماز کی ادائیگی کے لئے مسجد کا رخ کرتے ہیں اور جوان بیٹے گھر میں موجود ہوتے ہیں۔۔
باپ سمجھتے ہیں کہ تعلیم اور روزگار نے انہیں تھکا رکھا ہے فارغ ہوں گے تو عبادت بھی کرلیں گے۔۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد مبارک ہے کہ
والد اپنی اولاد کو جو سب سے بہتر تحفہ دے سکتا ہے وہ اچھی تعلیم اور تربیت ہے۔۔
اولاد کو یہ تحفہ دینا ہی دل کی سب سے بڑی آرزو ہونا چاہیے ۔بالکل ایسے جیسے ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچوں کا اچھا گھر اور اچھی معاش ہو۔
جب ہم واجعلنا للمتقین اماما کی دعا
کرتے ہیں تو ہماری زندگی کا سب سے بڑا مشن یہ ہونا چاہیے کہ ہم انہیں دین کی پاکیزہ تعلیمات سے آشنا کرائیں اور انھیں بتائیں کہ وہ ایک مشنری گھرانے میں پیدا ہوئے ہیں۔اسلام ایک مشن کا نام ہے
قرآن نے زندگی کا حاصل بتا دیا کہ اگر اولاد سے آنکھوں کی ٹھنڈک چاہتے ہیں تو انھیں متقیوں کا امام بنانے کی سعی کریں۔۔
تحریر،، افشاں نوید
انتخاب،، عابد چودھری
*برائے مہربانی پوسٹ کو شئیر یا فارورڈ کیا جائے*

🔹▬▬▬▬ 🌹 ▬▬▬▬🔹

Thursday, 21 October 2021

سبق

کلاس روم طلبہ اور طالبات سے بھرا ہوا تھا۔ ہر کوئی خوش گپیوں میں مصروف تھا ، ، کان پڑی آوازسُنائی نہ دیتی تھی،  اتنے میں پرنسپل  کلاس روم میں داخل ہوئے،   کلاس روم  میں سناٹا چھاگیا ۔

پرنسپل  صاحب نے اپنے ساتھ آئے ہوئے ایک صاحب کا تعارف کراتے ہوئے کہا یہ ہمارے کالج کے وزیٹنگ پروفیسر، پروفیسر انصاری ہیں، آپ مفکر دانشور اور کئی کتابوں کے مصنف ہیں ۔ یہ آپ کو کامیاب زندگی گزارنے کے کچھ گر بتائیں گے۔ ان کے کئی لیکچر ہوں گے۔ جو اسٹوڈنٹس انٹرسٹڈ ہوں وہ ان کے لیکچر میں باقاعدگی سے شریک ہوں۔

*سبق01*

کلاس روم میں سناٹا طاری تھا۔ طلبا کی نظریں کبھی پروفیسر کی طرف اٹھتیں اور کبھی بلیک بورڈ کی طرف۔ پروفیسر کے سوال کا جواب کسی کے پاس نہیں تھا۔ سوال تھا ہی ایسا۔

وزیٹنگ پروفیسر  انصاری نے ہال  میں داخل ہوتے ہی بغیر ایک لفظ  کہے بلیک بورڈ پر ایک لمبی لکیر کھینچ دی۔ پھر اپنا رخ طلبا کی طرف کرتے ہوئے پوچھا….

‘‘تم میں سے کون ہے جو اس لکیر کو چھوئے بغیر اسے چھوٹا کردے؟’’….

‘‘یہ ناممکن ہے۔’’، کلاس کے ایک ذہین طالبعلم نے آخر کار اس خاموشی کو توڑتے ہوئے جواب دیا۔ ‘‘لکیر کو چھوٹا کرنے کے لیے اسے مٹانا پڑے گا اور آپ اس لکیر کو چھونے سے بھی منع کررہے ہیں۔’’ باقی طلبا نے بھی گردن ہلا کر اس کی تائید کردی۔

پروفیسر  نے گہری نظروں سے طلبا کو دیکھا اور کچھ کہے بغیر مسکراتے ہوئے  بلیک بورڈ پر اس  لکیر کے نیچے ہی اس سے بڑی ایک اور لکیر کھینچ دی۔   اب اوپر والی لکیر کے سامنے یہ لکیر چھوٹی نظر آرہی تھی۔

پروفیسر نے چاک ٹیبل پر رکھتے ہوئے کہا:

‘‘آپ  نے آج اپنی زندگی کا ایک بڑا سبق سیکھا ہے،  وہ  یہ ہے  دوسروں کو نقصان پہنچائے بغیر، ان کو بدنام  کیے بغیر، ان سے حسد  کیے بغیر، ان سے الجھے بغیر ان سے آگے کس طرح نکلا جاسکتا ہے….’’

آگے بڑھنےکی خواہش  انسان کی فطرت میں شامل ہے۔ اس خواہش کی تکمیل کا ایک طریقہ یہ ہے کہ دوسرے کو چھوٹا بنانے کی کوشش کی جائے۔ مگر ایسی صورت میں انسان خود بڑا نہیں ہوتا۔ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ دوسروں سے الجھے بغیر خود کو طاقتور اور بڑا بنانے پر توجہ دی جائے۔  دوسروں سے الجھے بغیر آگے بڑھنا، ترقی کا صحیح طریقہ ہے۔ یہ طریقہ فرد کے لیے بھی بہتر ہے اور قوموں کے لیے بھی۔ اس طریقے پر اجتماعی طور پر ہمارے پڑوسی ملک چین نے سب سے زیادہ عمل کیا ہے اور بہترین نتائج حاصل کیے ہیں۔

*سبق02*

دوسرے دن کلاس میں داخل ہوتے ہی  پروفیسر  انصاری نے  بلیک بورٖڈ پر ایک بڑا سا سفید کاغذ چسپاں کردیا، اس کے بعد  انہوں نے اس سفید کاغذ کے درمیان میں مارکر سے  ایک سیاہ نقطہ ڈالا، پھر اپنا رخ   کلاس کی طرف کرتے ہوئے پوچھا:

‘‘آپ کو کیا نظر آ رہا ہے….؟ ’’

سب نے ہی یک زبان ہو کر کہا‘‘ایک سیاہ نقطہ’’۔

طالب علم  تعجب کا اظہار کررہے تھے سر  بھی کمال کرتے ہیں ،  کل لکیر کھینچی تھی آج نقطہ   بنادیا ہے ….

پروفیسر نے مسکراتے ہوئے کہا ‘‘ حیرت ہے ! اتنا بڑا سفید کاغذ اپنی چمک اور پوری آب و تاب کے ساتھ تو تمہاری نظروں سے اوجھل ہے، مگر ایک چھوٹا  سا سیاہ نقطہ تمہیں صاف دکھائی دے رہا ہے؟’’

زندگی میں کیے گئے لاتعداد اچھے کام سفید کاغذ کی طرح ہوتے ہیں جبکہ کوئی غلطی یا خرابی محض ایک چھوٹے سے نقطے کی مانند ہوتی ہے۔ لوگوں کی اکثریت دوسروں کی غلطیوں پر توجہ زیادہ دیتی ہے لیکن اچھائیوں کو نظر انداز کردیتی ہے۔

آپ کی ساری زندگی کی اچھائیوں پر آپ کی کوئی ایک کوتاہی یا کسی غلطی کا ایک سیاہ نقطہ ان کو زیادہ صاف دکھائی دیتا ہے۔

آپ آدھا گلاس پانی کا بھر کر اگر 100 لوگوں سے پوچھیں گے  ، تو کم از کم 80 فیصد کہیں گے آدھا گلاس خالی ہے اور 20 فیصد کہیں گے کہ آدھا گلاس پانی ہے ….   دونوں صورتوں میں بظاہر فرق کچھ نہیں پڑتا لیکن درحقیقت یہ دو قسم کے انداز فکر کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ایک منفی اور دوسرا مثبت۔ جن لوگوں کا انداز فکر منفی ہوتا ہے وہ صرف منفی رخ سے چیزوں کو دیکھتے  جبکہ مثبت ذہن کے لوگ ہر چیز میں خیر تلاشکرلیتے ہیں۔

ہماری زندگی کے معاملات میں لوگوں کے ردعمل گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں۔   ‘‘لوگ کیا کہیں گے’’ جیسے روائتی جملے ہمیں ہمیشہ دو راہوں پر گامزن کردیتے ہیں۔ یہ دوراہی  فیصلہ لینے میں سب سے بڑی رکاوٹ بن جاتی ہے۔اس صورتحال میں صرف نفسیاتی الجھن کا شکار ہوکررہ جاتے ہیں۔

اس لیے آپ مستقل میں کوئی بھی کام کریں، کوئی بھی راہ چنیں ، تو یہ یاد رکھیں کہ  آپ ہر شخص کو مطمئننہیں کرسکتے ۔

*سبق03*

تیسرے دن پروفیسر نے اپنی کلاس کا آغاز کرتے ہوئے ایک گلاس اٹھایا، جس کے اندر کچھ پانی موجود تھا۔انہوں نے وہ گلاس بلند کردیا، تاکہ تمام طلبا اسےدیکھ لیں۔

‘‘سر کیا آپ وہی فلسفیانہ سوال تونہیں پوچھنا چاہ رہے کہ گلاس آدھا خالی ہے یا آدھا بھرا ہوا ہے’’ ایک طالب علم نے جملہ کستے ہوئے کہا۔

پروفیسر نے مسکراتے ہوئے اس کی جانب دیکھا اور کہا  ‘‘نہیں!  آج میں آپ سے یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ کے  خیال میں اس گلاس کا وزن کیا ہوگا….؟’’

‘‘پچاس گرام’’، ‘‘سو گرام’’، ‘‘ایک سو پچیس گرام’’۔سب اپنے اپنے انداز سے جواب دینے لگے۔

‘‘میں خود صحیح وزن بتا نہیں سکتا، جب تک کہ میں اس کا وزن نہ کرلوں!….’’ پروفیسر نے کہا۔ لیکن میرا سوال یہ ہے کہ‘‘ کیا ہوگا اگر میں اس گلاس کو چند منٹوں کے لیے اسی طرح اٹھائے رہوں….؟’’

‘‘کچھ نہیں ہوگا!’’ طالب علموں نے جواب دیا۔

‘‘ٹھیک ہے، اب یہ  بتاؤ کہ اگر میں اس گلاس کو ایک گھنٹے تک یوں ہی اٹھائے رہوں تو پھر کیا ہوگا….؟’’ پروفیسر نے پوچھا۔

‘‘آپ کے بازو میں درد شروع ہوجائے گا۔’’ طلباء میں سے ایک نے جواب دیا۔

‘‘تم نے بالکل ٹھیک کہا۔’’ پروفیسر  نے تائیدی لہجے میں کہا۔‘‘اب یہ بتاؤ کہ اگر میں اس گلاس کو دن بھر اسی طرح تھامے رہوں تو پھر کیا ہوگا….؟’’

‘‘آپ کا باوزو شل ہوسکتا ہے۔’’ ایک طالب علم نے کہا۔‘‘آپ کا پٹھا اکڑ سکتا ہے’’ ایک اور طالب علم بولا، ‘‘آپ پر فالج کا حملہ ہوسکتا ہے۔ آپ کو اسپتال لازمی جانا پڑے گا!’’ ایک طالب علم نے جملہ کسا اور پوری گلاس قہقہے لگانے لگی۔

‘‘بہت اچھا!’’ پروفیسر نے بھی ہنستے ہوئے کہا پھر پوچھا ‘‘لیکن اس دوران کیا گلاس کا وزن تبدیلہوا….؟’’

‘‘نہیں۔’’ طالب علموں نے جواب دیا۔

‘‘تو پھر بازو میں درد اور پٹھا اکڑنے کا سبب کیا تھا….؟’’پروفیسر  نے پوچھا۔طالب علم چکرائے گئے۔

‘‘ گلاس کا بہت دیر تک اُٹھائے رکھنا ، بہتر ہوگا کہ اب گلاس نیچے رکھ دیں!’’ ایک طالب علم نے کہا۔

‘‘بالکل صحیح!….’’ استاد نے کہا۔

‘‘ہماری زندگی کے مسائل بھی کچھ اسی قسم کے ہوتے ہیں۔ آپ انہیں اپنے ذہن پر چند منٹ سوار رکھیں تو وہ ٹھیک  لگتے ہیں۔انہیں زیادہ دیر تک سوچتے رہیں تو وہ آپ کے لیے سر کا درد بن جائیں گے۔ انہیں اور زیادہ دیر تک تھامے رہیں تو وہ آپ کو فالج زدہ کردیں گے۔ آپ کچھ کرنے کے قابل نہیں رہیں گے۔

 دیکھیے….!اپنی زندگی کے چیلنجز (مسائل) کے بارے میں سوچنا یقیناً  اہمیت رکھتا ہے۔لیکن…. اس سے کہیں زیادہ اہم  بات یہ ہے کہ ہر دن کے اختتام پر سونے سے پہلے ان مسائل کو ذہن سے اُتاردیا جائے۔ اس طریقے سے آپ کسی قسم کے ذہنی تناؤ میں مبتلا نہیں رہیں گے۔ اگلی صبح آپ تروتازہ اور اپنی پوری توانائی کے ساتھ بیدار ہوں گے اور اپنی راہ میں آنے والے کسی بھی ایشو، کسی بھی چیلنج کو آسانی سے ہینڈل کرسکیں گے۔ لہٰذا گلاس کو  یعنی مسائل پر غیر ضروری سوچ بچار کو نیچے  کرنا رکھنا یاد رکھیں۔’’

*سبق04*

پروفیسر نے  کہا  کہ کل ہر ایک طالب علم پلاسٹک کا ایک شفاف تھیلا اور ٹماٹرساتھ لائے۔

جب طلباء  تھیلا اور ٹماٹر لے آئے تو پروفیسر نے کہا کہ :

‘‘آپ میں سے ہر طالب علم اس فرد کے نام پر جسے آپ  نے اپنی زندگی میں معاف نہیں کیا، ایک ایک ٹماٹر  چن لیں اور اس  پر اس فرد کا نام اور تاریخ لکھ کر اسے اپنے پلاسٹک کے تھیلے میں ڈالتے جائیں۔’’

سب نے ایک ایک کرکے یہی عمل کیا،  پروفیسر نے کلاس پر نظر ڈالی تو  دیکھابعض طالب علموں کے تھیلے خاصے بھاری ہوگئے۔

پھر پروفیسر نے سب طالب علموں سے کہا کہ:

  ‘‘ یہ آپ کا ہوم ورک ہے،   آپ سب  ان تھیلوں کو اپنے ساتھ رکھیں، اسے ہر جگہ اپنے ساتھ لیے پھریں۔ رات کو سوتے وقت اسے اپنے بیڈ کے سرہانے رکھیں،   جب کام کر رہے ہوں تو اسے اپنی میز کے برابر میں رکھیں۔ کل ہفتہ ، پرسوں اتوار ہے آپ کی چھٹی ہے، پیر کے روز  آپ ان تھیلوں کو لے کر آئیں اور بتائیں آپ نے کیا سیکھا۔ ’’

پیر کے دن سب طالب علم آئے تو  چہرے پر پریشانی کے آثار تھے، سب  نے بتایا کہ اس تھیلے کو ساتھ ساتھ گھسیٹے پھرنا ایک آزار ہوگیا۔ قدرتی طور پر ٹماٹروں  کی حالت خراب ہونے لگی۔ وہ پلپلے اور بدبودار ہوگئے تھے۔

پروفیسر نے مسکراتے ہوئے کہا ‘‘ اس ایکسرسائز سے کیا سبق سیکھا….؟’’

سب طلبہ و طالبات خاموش رہے۔

‘‘اس ایکسر سائز سے یہ واضح ہوا کہ روحانی طور پر ہم اپنے آپ پر کتنا غیر ضروری وزن لادے پھر رہے ہیں۔ ہمیں اندازہ ہوا کہ  ہم اپنی تکلیف اور اپنی منفی سوچ کی کیا قیمت چکا رہے ہیں۔

ہم اکثر یہ سوچتے ہیں کہ کسی کو معاف کردینا ، کسی پر احسان کرنااس شخص کے لیے  اچھا ہے لیکن دوسرے کو معاف کرکے ہم خود اپنے لیے لاتعداد فوائد حاصل کرتے ہیں ۔ جب تک ہم کسی سے ناراض رہتے ہیں ، اس کے خلاف بدلہ لینے  کے لیے سوچتے ہیں اس وقت تک ہم کسی اور کا نہیں بلکہ خود اپنا خون جلاتے ہیں۔ اپنے آپ کو اذیت اور مشقت میں مبتلا رکھتے ہیں۔ بدلے اور انتقام کی سوچ، گلے سڑے ٹماٹروں کی طرح ہمارے باطن میں بدبو پھیلانے لگتی ہے۔ معاف نہ کرنا ایک بوجھ بن کر ہمارے اعصاب کو تھکا دیتا ہے۔“

Wednesday, 20 October 2021

ملکیت

"ملکیت"
ہماری شادی بڑے ڈرامائی انداز میں ہوئی۔ ایک رات اس کا مجھے میسج آیا کہ چلو شادی کر لیں۔ یہ بات میرے لئے تشویش ناک تھی کیونکہ ایک سیٹلڈ لائف کے بغیر شادی کرنا ہمارے خود ساختہ اصولوں کے خلاف تھا۔!!

ہم ایک دوسرے کو عرصے سے جانتے تھے۔ ایک شہر، ایک محلہ اور پھر ایک سکول۔ ہماری پسند ٹین ایج میں ہی محبت میں تبدیل ہو چکی تھی۔۔


متوسط گھرانوں سے ہونے کے باوجود اس نے میری نسبت بڑے مشکل حالات دیکھے تھے۔ جس کی ایک وجہ اس کا مخصوص گھرانہ تھی۔ وہ مالی طور پہ بھی وہ بہت مستحکم نہیں تھے اسی باعث اس نے ہمیشہ ایک سیٹلڈ لائف پارٹنر کی خواہش کی تھی، شاید اسکے لئے یہی ایک راہ فرار بچی تھی۔!!

میں ابھی حال ہی میں گریجویٹ ہوا تھا اور ہر پاکستانی نوجوان کی طرح ڈگری کرنے کے بعد یہ سوچ رہا تھا کہ اب کمانے کے لئے کیا کرنا ہے۔. اس دن اس کے گھر میں معمول کے مطابق ہونے والی لڑائی کچھ مختلف تھی۔۔۔ جب اس کا مجھے میسج آیا تو میرے طوطے اڑ چکے تھے۔ اس نے اپنے سارے اصولوں کی گٹھریاں ایک تنکے کے ساتھ باندھ دی تھیں اور وہ "میں" تھا۔!!

اس نے بس ایک سوال کیا...

"دو وقت کی روٹی اور رہنے کے لئے گھر دے سکتے ہو__؟"

عورت بھی عجیب شے ہے، جب خواہش کرنے پہ آئے تو قارون کے خزانے بھی کم پڑ جائیں اور جب گزارہ کرنے پہ آئے تو ایک چھت اور روٹی کو جنت بنا لیتی ہے۔!!

میں جذبات کے معاملے میں عمروعیار نہیں تھا، میں نے اس کے علاوہ کبھی کسی کا نہیں سوچا تھا۔ اس کے اعتماد نے میرا ڈر بھی نگل لیا تھا اور اگلے دن میں سر جھکائے والدین کے سوالوں کے لشکر کے سامنے "محبت کی تلوار" لئے تنہا کھڑا تھا۔!!
بادل بہت گرجے، برسے لیکن میرے ارادوں کے بادبانوں کو گرا نہ سکے۔!!

اس کے گھر میں کیا ہوا مجھے اس کا اندازہ تھا نہ پوچھنے کا حوصلہ۔ اس کی طرف سے زیادہ تر لوگوں کا بائیکاٹ تھا کیونکہ وہ خاندان سے باہر رشتہ نہیں کرتے تھے سو بڑی سادگی سے "نکاح" کر کے ہم اسے گھر لے آئے...

میرا کمرا چھوٹا تھا سو والدین کے کمرے کو ہمارے لئے خالی کر دیا گیا۔ جہیز میں اس کے پاس دو اٹیچی کیس تھے جو شاید اس کی ماں نے اپنے والے خالی کر کے اسے دے دئے تھے۔ ایک میں کچھ کپڑے تھے جن میں سے زیادہ تر پرانے تھے، دوسرے میں کتابیں اور میرے دیے کچھ تحفے جو مجھے بھی بھول چکے تھے لیکن اس نے سنبھال رکھے تھے۔!!

شادی کی پہلی رات ہم ایک دوسرے کو دیکھ کے بڑی دیر ہنستے رہے کہ یہ ہم نے کیا کر دیا ہے لیکن ان قہقہوں کے پیچھے کی فکریں ہم دونوں کے چہروں سے عیاں تھیں۔ شادی چونکہ جلد بازی اور خاندان والوں کی ناراضگی میں ہوئی تھی سو مونہہ دکھائی کے پیسے میرے پاس نہیں تھے..

ایک دوست سے ادھار پکڑ کے سونے کی ایک ہلکی سی انگوٹھی اسے دی جسے اس نے یہ کہہ کے واپس کر دیا کہ میں تمہارے حالات سے واقف ہوں، جن حالات میں شادی ہوئی ہے اس سے بھی واقف ہوں، سو جب خود دلا سکو گے تب لوں گی۔!!

میں نے تھوڑا شرمندہ ہوتے ہوئے پوچھا کہ

"اچھا بتاؤ۔!

تمہاری سب سے بڑی خواہش کیا ہے۔۔؟؟؟ میں کسی دن وہ ضرور پوری کروں گا"

اس نے کچھ تامل کے بعد کہا کہ

" زندگی میں دو ہی خواہشات کے لئے خدا کے سامنے گڑگڑائی ہوں۔۔۔

ایک اپنا گھر ہو، چاہے بہت چھوٹا سا ہو لیکن اپنا ہو اور دوسرا ۔۔۔۔۔

"دوسرا۔۔؟"

"دوسرا، میرے سامنے ہے ۔۔"

ہم دونوں نے ایک دوسرے کا مونہہ دیکھا اور مسکرانے لگے۔!!

پسند کی شادی پہ عورت پہلے اپنے گھر والوں سے سنتی ہے بعد میں سسرال سے۔ وہ ساری کشتیاں جلا کے آئی تھی سو اس نے زبان سی لی۔ اب اگلی ذمہ داری میری تھی۔ ایک دوست کے توسط سے لاہور ایک کال سنٹر میں جاب مل گئی لیکن میں کبھی اپنے شہر سے نکلا نہیں تھا سو ایک انجان شہر میں جانے کے لئے مجھے تھوڑا سرمایہ درکار تھا۔ ابو سے مجھے دس ہزار ملے، اگلے ہفتے کی ٹکٹ تھی۔ رات کو میں حسابوں میں مصروف تھا تو وہ میرے پاس آئی، اس نے اپنے زور سے بند مٹھی کھولی اور میرے سامنے کر دی۔۔۔

میں نے کہا

"تم فکر نہ کرو میرے پاس پیسے ہیں، یہ تم اپنے پاس ۔۔۔"

"یار مجھ سے جھوٹ نہ بولا کرو، مجھے پتہ ہے نہیں ہیں"
یں خاموش ہو گیا کیونکہ پیسوں کی ضرورت مجھے تھی۔ وہ میرے پاس بیٹھ گئی اور کسی ماسٹر پلانر کی طرح مجھے سمجھانے لگی۔!!

"میں نے ایک پلان سوچا ہے"

"کیا۔۔؟"

"تمہاری گندم گاؤں سے آتی ہے نا۔۔؟"

"ہاں"

"تم ایسا کرو ان پیسوں کی گندم لے لو، گھر کے لئے بھی لینی ہے، گاؤں سے تمہیں سستی مل جائے گی۔ میری ایک دوست ہے، اس سے بات کی ہے میں نے اس کو ضرورت ہے، تم یہاں سے اٹھا کے وہاں دے دینا کچھ پیسے بچ جائیں گے"

وہ بڑی اکسائٹمنٹ سے مجھے ایک بزنس پلان سمجھا رہی تھی۔ میں اس کی معصومیت پہ مسکرایا لیکن پلان برا نہیں تھا۔

پلان کامیاب رہا، یہ پلان ہم نے گھروالوں سے مخفی رہا۔ پیسے لے کے جب میں گھر آیا تو رات کو ہم چھوٹے بچوں کی طرح پیسے گن رہے تھے جیسے بچے غلہ توڑنے کے بعد گنتے ہیں حتی کہ ان کو پورا حساب ہوتا ہے۔

ہمیں فی من ساڑھے تین سو کے حساب سے چھے ہزار تین سو (6,300) منافع ہوا۔!!

یہ ہمارا پہلا کامیاب بزنس تھا۔ دو ہزار میں نے اس کے منع کرنے کے باوجود اس کے ہاتھ پہ رکھا کیونکہ اصولی طور پہ یہ اسی کی کمائی تھی۔!!

اگلے ہفتے میں اسے چھوڑ کے لاہور نکل گیا۔ لاہور میرے لئے انجان تھا۔ کچھ دن دوست کے گھر رہا، بعد میں جب اپنی رہائش ڈھونڈنی پڑی تو دال روٹی کا بھاؤ پتا چلنے لگا۔ رہائش اور ماہانہ خرچوں کا حساب لگایا تو یہ میری سوچ سے تھوڑا زیادہ تھا ۔ پیچھے میری ایک منتظر بیوی بھی تھی اور ایک تنخواہ میں مجھے میرا گزارہ ہوتا مشکل نظر آ رہا تھا۔ پتہ نہیں یہ اس کی محبت تھی یا احساس ذمیداری میں نے بھی تہیہ کیا کہ کچھ نہ کچھ تو کروں گا ہی۔ اس نے اگر میرے بھروسے سب چھوڑا ہے تو اس کا بھروسہ نہیں ٹوٹنے دے سکتا۔ !!

میں نے اپنے کال سنٹر کے قریب کام ڈھونڈنا شروع کیا۔ اتفاق سے وہاں ایک ریستوران میں مجھے نوکری مل گئی۔!!

ہوتا اب یہ تھا کہ صبح 7 سے شام 5 میں کال سنٹر میں تھا، وہاں سے آ کے سو جاتا تھا اور رات 12 سے صبح چھ نائٹ شفٹ پہ ریستوران۔!!

وہاں سے مجھے دو وقت کا کھانا مل جاتا تھا جس سے میرا کافی خرچہ بچ جاتا تھا۔ کال سنٹر کی تنخواہ 15 ہزار تھی جو کمیشن ملا کے 25,26 بن جاتا تھا اور ریستوراں والے مجھے آٹھ ہزار دیتے تھے۔ اس اضافی کام کا میں نے گھر نہیں بتایا تھا ورنہ ___ (میری بیوی) مجھے کبھی یہ نہ کرنے دیتی۔!!

مہینے بعد گھر گیا تو بارہ ہزار اس کے ہاتھ میں رکھ دئے۔ اس نے چمکتی آنکھوں کے ساتھ تیں دفعہ گنتی کی، پھر انہیں دو دفعہ چوما اور نمناک آنکھوں کے ساتھ اپنے اٹیچی کیس میں اپنا حق سمجھ کے رکھ لئے.!!

اس کی وہ خوشی میرے لیے کائنات کی سب سے محبوب شے تھی۔۔۔

میں اسے اپنے ساتھ لے جانا چاہتا تھا لیکن میرے وہاں کے حالات اس چیز کی اجازت نہیں دیتے تھے، اس نے بھی بردباری کی انتہا کرتے ہوئے خود ہی منع کر دیا۔!!

اس کی دعائیں تھیں یا اس کا رزق، دو ماہ میں مجھے ایک فرم میں نوکری مل گئی۔ یہاں میری تنخواہ چالیس ہزار تھی جو میری سوچ اور ضروریات کے حساب سے کافی زیادہ تھا۔!! محنت کی عادت تو مجھے پہلے ہی تھی سو فارغ وقت میں، میں نے ایک پیکنگ کمپنی میں نائٹ شفٹ پہ نوکری کر لی۔ یہ کام ریستوران سے کافی بہتر اور صاف ستھرا تھا اور تنخواہ بھی مناسب تھی۔ اس نوکری کا میں نے اسے نہیں بتایا کہ اس کو سرپرائز دوں گا۔ اس دفعہ میں دو ماہ بعد گھر گیا اس کی سالگرہ تھی۔!!

اور گھر والوں کے سامنے ہم انتہا کے میسنے تھے، ان کو کچھ نہیں بتاتے تھے۔۔۔ سالگرہ پہ ایک چھوٹا سا کیک ہم 7 لوگوں میں تقسیم ہوا۔ رات کو ہم جب کمرے میں اکیلے ہوئے تو اسے ایک ڈبہ پکڑا دیا۔ اس نے خوشی اور حیرت سے اسے الٹ پلٹ کر دیکھا اور پوچھا

"کیا ہے اس میں...؟ "

"خود ہی دیکھ لو"

"اوہ! اچھا میرے پاس بھی کچھ ہے"

میں نے حیرت سے پوچھا

"واقعی۔۔؟ کیا۔۔؟"

اس نے اپنے اٹیچی کیس سے ایک چھوٹا سا ڈبہ نکال کے مجھے دے دیا۔!!

پہلے اس نے اپنا ڈبہ کھولا تو خوشی کے مارے اس کی ہلکی سی چیخ نکل گئی۔ یہ ایک اینڈرائیڈ سمارٹ فون تھا۔ اس کو فوٹو گرافی اور برانڈز سرچ کرنے کا خبط تھا جس کو وہ دوستوں کے موبائل سے کبھی کبھار پورا کر لیتی تھی۔ اس نے جلدی جلدی اسے نکالا، آن کیا اور کہا۔۔۔

"lets_take_a_selfie"

اور یہ ہماری اک ساتھ پہلی باقاعدہ فوٹو تھی۔!!

اب میری باری تھی، میں نے گفٹ کھولنا شروع کیا۔ یہ Gshock کی ایک سپورٹس واچ تھی۔ اسے میری خواہشات کا بخوبی علم تھا۔ یہ کافی مہنگی تھی جس کی میں نے زندگی میں ہمیشہ بس خواہش کی تھی۔ اس کے پیسے اس نے اپنے خرچے میں سے کیسے بچائے تھے وہ میری سمجھ سے باہر تھا، اس کے تحفے کے آگے میرا تحفہ شرمندہ ہو رہا تھا۔!!

اس رات ہم نے اپنے "تحائف" کو خوب انجوائے کیا۔!!

عورتیں گھر داری کے معاملے میں بہت دور اندیش ہوتی ہیں، وہ اپنے ہمسفر کے ساتھ بچوں کے نام حتی کہ ہونے والے گھر کے پردوں اور چادروں کے ڈیزائن تک شادی سے پہلے سوچ لیتی ہیں۔ ہم نے شادی کی پہلی رات یہ وعدہ کیا تھا کہ اولاد کی طرف تب جائیں گے جب ان کو خود سے بہتر زندگی دے سکیں۔!!

ہماری اگلی کوشش اپنے گھر کے لئے تھی، جس کے لیے ہم دونوں ایک دوسرے سے چھپ کے کوشش کر رہے تھے۔ اس نے بھی ایک پرائیویٹ سکول آکسفورڈ میں ٹیچنگ شروع کر دی تھی اور گھر میں بھی کچھ بچے پڑھنے آ جاتے تھے۔ گھر میں اس معاملے کو لے کے کبھی کبھی گرما گرمی بھی ہو جاتی کہ بہنیں جوان ہو رہی ہیں، ان کا تمہیں خیال نہیں۔۔۔ گو کہ میں گھر میں تھوڑا خرچہ دے دیتا تھا لیکن ساس بہو کی وہی ازلی لڑائی کہ سارا خرچہ ہمارے ہاتھ میں ہو۔ ___ نے اس حوالے سے کبھی گھر بحث نہیں کی وہ اپنی تنخواہ کا زیادہ حصہ خود ہی امی کو دے دیتی تھی اس کا بھی حل ہم نے ایسے نکالا تھا کہ ایک دن میں گھر آیا ہوا تھا، میں نے پلان کے مطابق جان بوجھ کے اس بات پہ خوب لڑائی کی کہ ___ خرچہ گھر نہیں دے گی۔!! وہ جوان ہے، نئی بیاہی ہے سو اس کی اپنی بھی ضروریات ہیں۔ والدہ گرج برس کے چپ ہو گئیں، جب ___ کی تنخواہ آئی تو اس نے خود ہی والدہ کو تھوڑے پیسے دے دیئے کہ وہ تو کہتے رہتے ہیں۔۔ ماں زیر ہو گئیں کہ کیسی "فرمان بردار بہو" ہے جب کہ یہ پلان بھی بہو کا تھا۔!!

دو سال بعد آخر وہ دن آ گیا جس کے لیے اس نے ساری زندگی خواہش اور میں نے محنت کی تھی۔ یہ بھی اس کا "برتھ ڈے سرپرائز" تھا۔ شہر کے ایک پوش علاقے میں ساڑھے چار مرلے کا ایک پلاٹ۔!!

اس کو جب میں نے بتایا کہ یہ تمہارا ہے تو زندگی میں پہلی دفعہ میرے سامنے وہ "دھاڑیں" مار مار کے روئی، جیسے یہ سب آنسو اس نے اسی دن کے لئے بچا رکھے تھے۔ ہم کافی دیر خالی پلاٹ میں مٹی پہ
ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑے بیٹھے رہے... وہ تھوڑی تھوڑی دیر بعد اپنی ایک انگلی زمین پہ گھسیٹی اور کسی بچے کی طرح لکھ کے دہراتی

"میری ملکیت"

زندگی اب ٹریک پہ آ چکی تھی۔ جس دن مجھے اس کی پریگننسی کا پتہ چلا اس دن میں پاگلوں کی طرح خوش تھا۔ ہم نے گھر کا کام، بچوں کے کپڑے اور پتہ نہیں کیا کیا پلان کرنا شروع کر دیا۔ ایک رات اس کی طبیعت معمول سے زیادہ خراب ہوئی۔ میں اپنی زندگی میں سارہ کو لے کے کبھی نہیں ڈرا، اس وقت بھی نہیں جب پورے خاندان کے سامنے اکیلا کھڑا تھا۔ لیکن زندگی میں پہلی دفعہ اس کی اس حالت نے میری روح نچوڑ کے رکھ دی۔!!

میں اسے لے کے ہسپتال بھاگا۔ میری حالت یہ تھی کہ شرٹ پہنی تھی جس کے بٹن بند نہیں تھے اور میں ننگے پیر ہسپتال میں اس کو اٹھا کے بھاگ رہا تھا۔۔ اس کی حالت خراب تھی، ڈاکٹروں نے ایک زندگی بچانے کا آپشن دیا تھا جس کا جواب واضع تھا۔ میں وارڈ کے باہر فرش پہ گھٹنوں کے بل بیٹھا اللہ تعالیٰ سے اس کی زندگی کی بھیک مانگ رہا تھا۔!!

لیکن خدا کو کچھ اور منظور تھا، اس نے ___ کے لیے بہتر گھر چن رکھا تھا۔ وہ ایک بیٹی کا تحفہ دے کے مجھے دغا دے گئی، اس کا تحفہ ہمیشہ کی طرح میرے سارے تحائف پہ بھاری تھا۔ میں نے اسی کے نام پر ہماری بیٹی کا نام ___ رکھا۔!!

آج بھی میں اپنی بیٹی کو جب اس پوش علاقے میں ایک خوبصورت پلاٹ کے پاس اس کی ماں سے ملوانے لے جاتا ہوں تو وہ مجھ سے اکثر پوچھتی ہے کہ۔۔۔

بابا.!

ماما یہاں سب سے الگ کیوں رہتی ہیں___؟

میں اسے ہمیشہ ٹال دیتا ہوں ۔۔۔ میں اسے کس طرح بتاؤں کہ یہ اسی کا گھر ہے، یہ اسی کی "ملکیت" ہے جس پہ اس کے علاوہ کسی کا حق نہیں۔!
Copied

بیٹیاں

#Copied
بیٹوں نے اپنی اپنی تعلیم مکمل کی اور پاکستان آگئے۔اللہ کی رحمت سے دونوں کو ایک ہی شہر میں ملازمت ملی۔بڑا سا گھر بھی مل گیا تھا لیکن پورا ایک سال گھر خالی رہا کہ جب تک والدین ساتھ نہیں ہوں گے ہم نے گھر میں نہیں سیٹ ہونا
آخر کار دوسال پہلے بیٹوں اور بڑی بیٹی (بہو) کی بے انتہا ضد پہ ہم نے سرگودھا چھوڑا اور پنڈی شفٹ ہو گئے

اس مرتبہ ستمبر میں سرگودھا گئی تو میرا ایلوویرا کا پودا بے یارو مدد گار اکیلے گھر میں ہمارا انتظار کررہا تھا
پتہ نہیں وہ کیسے اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہو گا کہ پانی بھی جب بارش ہوتی تو اسے ملتا

ادھر پنڈی والے گھر میں ، میرے شوق کے پیش نظر بچوں نے پھولوں، سبزیوں کے ساتھ ساتھ ایلوویرا بھی لگوایا ہے۔ لیکن جو لوگ باغبانی سے دلچسپی رکھتے ہیں انہیں علم ہوگا کہ دوسال سے کم ، عمر کا ایلوویرا استعمال کرنے سے اجتناب کرنا چاہئے

بہرحال سرگودھا والا پودا پہلے ہی ایک بڑے سے گملے میں تھا اور اب بہت صحت مند نظر آرہا تھا اور اس کے مزید بچے بھی پیدا ہو چکے تھے تو میں نے سوچا کہ اسے بھی پنڈی ساتھ ہی لے جاوں۔

ایک تو یہ کہ مجھے ضرورت بھی تھی اور دوسرا یہ کہ اکیلے گھر میں آخر کب تک رہ سکتا اور تیسرا یہ کہ میری چھوٹی بیٹی نے اپنی شادی سے کچھ عرصہ پہلے اپنے بابا کے گھر میں اس کو بڑی محبت سے لگایا تھا ۔۔ ایک دن یہ ختم ہی نہ ہو جائے

اب مسئلہ اسے ساتھ لے کے جانے والا تھا کہ اگر گملے سے نکالوں تو مر ہی نہ جائے اور اگر گملے سمیت لے کے جاؤں تو گملا بہت بڑا اور وزنی
آخر کار سرداراں اور بیٹے نے حفاظت سے اٹھا کے گاڑی کی ڈگی میں رکھا ارد گرد سہارا دیا کہ راستے میں ہچکولوں سے گرے نہیں اور یوں سرگودھا سے پنڈی روانہ ہوئے

گھر پہنچ کے اسے باقی پودوں کے ساتھ رکھا لیکن گملے سے نہیں نکالا

اگلے دن صبح اسکی خیریت پوچھنے گئی تو پودا تو اتنا اداس لگا کہ جیسے سخت دکھی بلکہ ناراض ہو
ہر دن کے ساتھ مرجھانا شروع ہو چکا تھا

میں پریشان کہ وہاں اکیلے گھر میں جہاں دھوپ گرمی سردی اور فاقے تھے وہاں یہ نہ صرف سرسبز تھا بلکہ اپنے خاندان کو بھی بڑھا لیا تھا
اور یہاں اتنے رنگ برنگے پودے ہیں پھول ہیں ، حفاظت ہے وقت پہ پانی مل رہا ہے اور یہاں یہ دن بدن اپنی آب و تاب کھو رہا ہے
ایک دن میں بہت پریشان ہو کے اس کے پاس آکے بیٹھ گئی۔اس کے پتوں پہ پیار سے ہاتھ پھیرا اسے آہستہ آہستہ بتانا شروع کیا کہ میں تو آپ سے بہت پیار کرتی۔اس لئے تو آپ کو اپنے ساتھ یہاں لے آئی تا کہ آپ میری آنکھوں کے سامنے رہیں۔۔اپ کو میرا خیال نہیں، میں اس حال میں دیکھ کے بہت پریشان ہوں آپ کیلئے۔۔پلیز خوش رہا کرو۔اپکا گھر اور آپکی فیملی تو آپ کے پاس ہے۔ صرف جگہ تبدیل ہوئی ہے نا

اب مجھے نہیں پتہ کہ اس پہ میری باتوں اور میری توجہ کا اثر پڑا یا ویسے ہی
لیکن اگلے دن میرا ایلوویرا مسکراتا ہوا لگ رہا تھا

اور میں سوچ رہی تھی کہ اگر ایک پودے نے اپنی سارے خاندان سمیت اپنے گھر(گملے) کے ساتھ صرف جگہ کی تبدیلی کو اتنا محسوس کیا جبکہ اسکے احساسات انسان جیسے نہیں تو جب ہماری بیٹیاں ہم سے دور نئے گھروں کو آباد کرنے جاتیں ہیں تو وہ کتنی مشکلوں سے اس نئے ماحول، نئے لوگوں اور نئے مزاجوں میں اپنی زندگی کی جنگ لڑتی ہیں
اس وقت اگر تھوڑی سی محبت، تھوڑا سا پیار اور احساس کا رویہ ہو تو ہم سب کی بیٹیوں کیلئے کتنی آسانیاں ہو جائیں گی
سلامت باشد
روبینہ قریشی۔  2021

قیمتی چیز

تمہیں پتہ ہے تمہارے پاس ایک بہت قیمتی چیز ہے جو بہت کم لوگوں کے پاس ہی ہوتی ہے اللہ وہ چیز بس اُنہیں دیتا ہے جنہیں پسند کرتا ہے اور اپنے قریب کرنا چاہتا ہے.... پتہ ہے وہ کیا ہے ؟
دوسروں کی تکلیف کا احساس, دُعا کی توفیق, دُعاؤں کا جواب نا ملنے کے بعد یقین.... اور صبر.... یہ بہت خاص چیزیں ہیں اگر تُمہارے پاس ان میں سے کوئی ایک چیز بھی ہے تو تُم بہت امیر ہو اللہ کے پسندیدہ ہو اگر یہ نہیں ہیں تو تُم خالی ہو....

گھمنڈ

*_اپنی طاقت پر کبھی گھمنڈ نہ کریں بعض اوقات آپ کے پیچھے چلنے والے آپ کو بچالیتے ہیں_*❣️🌹🥀❤️


جنت کے خزانے

حمد و ثنا اور توبہ و استغفار

نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ’’اے عبداللہ بن قیس! کیا میں تمہیں جنت کے خزانوں میں سے ایک خزانے کے متعلق نہ بتاؤں؟‘‘ میں نے عرض کی: اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم! کیوں نہیں! (ضرور بتائیے) آپ نے فرمایا: ’’تم کہو:

لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ

’’گناہ سے بچنے کی ہمت ہے نہ نیکی کرنے کی طاقت مگر اللہ ہی کی توفیق سے۔‘‘

صحیح البخاری، الدعوات، باب قول: لاحول ولا قوۃ الاّ باللہ، حدیث:6409، وصحیح مسلم، الذکر والدعائ، باب الستحباب خفض الصوت، حدیث:6862

گمان

*تم جیسا گمان کرو گے اپنے رب کو ویسا پاؤ گے وہ اپنے بندے کی خاموش سسكی بھی سنتا ہے وہ باتیں جو تم زبان پر نہی لا پا تے وہ ان کو سن کر بھی قبول کرتا ہے بس کبھی یہ نہ سمجھنا کے وہ سن نہیں رہا وہ تمھارےکام میں اسی چیز کو وسیلہ بنا دے گا جو رکاوٹ ہے بس اچھا گمان رکھنا ۔*

نعت شریف

ﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺ
ﷺ چہرہ ھے کہ انوارِ دو عالم کا صحیفہ
ﷺ آنکھیں ہیں کہ بحرینِ تقدس کے نگیں ھیں
ﷺ ماتھا ھے کہ وحدت کی تجلی کا ورق ھے
ﷺ عارِض ھیں کہ ”والفجر“ کی آیت کے اَمیں
ﷺ ھیں
ﷺ گیسو ھیں کہ ” وَاللَّیل“ کے بکھرے ہوئے
ﷺ سائے
ﷺ  ابرو ھیں کہ قوسینِ شبِ قدر کھُلے ھیں
ﷺ  گردن ھے کہ بَر فرقِ زمیں اَوجِ ثریا
ﷺ  لب، صورتِ یاقوت شعاعوں میں دُھلے ھیں
ﷺ  قَد ھے کہ نبوت کے خد و خال کا معیار
ﷺ  بازو ھیں کہ توحید کی عظمت کے عَلَم 
ﷺ  ھیں
ﷺ  سینہ ھے کہ رمزِ دلِ ہستی کا خزینہ
ﷺ  پلکیں ھیں کہ الفاظِ رُخِ لوح و قلم ھیں
ﷺ  باتیں ھیں کہ طُوبیٰ کی چٹکتی ھوئی 
ﷺ  کلیاں
ﷺ  لہجہ ھے کہ یزداں کی زباں بول رھی ھے
ﷺ  خطبے ھیں کہ ساون کے امنڈتے ھوئے دریا
ﷺ  قِرأت ھے کہ اسرارِ جہاں کھول رھی ھے
ﷺ  یہ دانت، یہ شیرازۂ شبنم کے تراشے
ﷺ  یاقوت کی وادی میں دمکتے ھوئے ھیرے
ﷺ  شرمندۂ تابِ لب و دندانِ پیمبرﷺ
ﷺ  یہ موجِ تبسم ھے کہ رنگوں کی دھنک ھے
ﷺ  یہ عکسِ متانت ھے کہ ٹھہرا ھوا موسم
ﷺ  یہ شکر کے سجدے ھیں کہ آیات کی تنزیل
ﷺ  یہ آنکھ میں آنسو ھیں کہ الہام کی رِم 
ﷺ  جھم
ﷺ  یہ ہاتھ، یہ کونین کی تقدیر کے اوراق
ﷺ  یہ خط، یہ خد و خالِ رُخِ مصحف و انجیل
ﷺ  یہ پاؤں، یہ مہتاب کی کرنوں کے مَعابِد
ﷺ  یہ نقشِ قدم، بوسہ گہِ رَف رَف و جبریل
ﷺ  یہ رفعتِ دستار ھے یا اوجِ تخیل!
ﷺ  یہ بندِ قبا ھے کہ شگفتِ گُلِ ناہید
ﷺ  یہ سایۂ داماں ھے کہ پھیلا ہوا بادل
ﷺ  یہ صبحِ گریباں ھے کہ خمیازۂ خورشید
ﷺ  یہ دوش پہ چادر ھے کہ بخشش کی گھٹا
ﷺ  ھے
ﷺ  یہ مہرِ نبوت ھے کہ نقشِ دلِ مہتاب
ﷺ  رخسار کی ضَو ھے کہ نمو صبحِ ازل کی
ﷺ  آنکھوں کی ملاحت ھے کہ روئے شبِ کم
ﷺ  خواب 
ﷺ  ہر نقشِ بدن اتنا مناسب ھے کہ جیسے     
ﷺ  تزئینِ شب و روز کہ تمثیلِ مہ و سال       
ﷺ  ملبوسِ کہن یوں شکن آلود ھے جیسے     
ﷺ  ترتیب سے پہلے رُخِ ھستی کے خد و خال      
ﷺ                                                              
ﷺ  رفتار میں افلاک کی گردش کا تصور        
ﷺ  کردار میں شامل بنی ہاشم کی اَنا ھے      
ﷺ  گفتار میں قرآں کی صداقت کا تیقُّن        
ﷺ  معیار میں گردُوں کی بلندی کفِ پا ھے 
ﷺ                         
ﷺ  وہ فکر کہ خود عقلِ بشر سَر بگریباں        
ﷺ  وہ فقر کہ ٹھوکر میں ھے دنیا کی بلندی   
ﷺ  وہ شکر کہ خالق بھی ترے شکر کا ممنون  
ﷺ وہ حُسن کہ یوسفؑ بھی کرے آئینہ بندی     
ﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺﷺ

  Quick Math with a Simple Online Calculator Simplify Everyday Calculations In daily life, doing quick arithmetic is a common need. A simp...